پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا
لاہور ( 92 نیوز) پی ایس ایل ناک آؤٹ مرحلے کے دوسرے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دیدی فائنل کی ٹکٹ کٹوا لی ۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔ پشاور زلمی نے مقررہ 16 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے ، جواب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم مقررہ 16 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنا سکی ۔
پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل نے شاندار کھیل پیش کیا اور 27 گیندوں پر 8چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 77 رنز بنائے ۔اینڈر فلیچر نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے 30 گیندوں پر 34 رنز بنائے ۔
بعد میں آنے والے کھلاڑی خاطر خواہ کار کردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے ۔ لائم ڈاؤسن 13،محمد حفیظ 13 ،کپتان ڈیرن سیمی 23 رنز بنا کر ہمت ہار گئے ۔وہاب ریاض ، بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔
کراچی کنگز کی جانب سے اوپنر مختار احمد ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے ، جوئے ڈینلی اور بابر اعظم نے ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی مگر ناکام رہے ، بابر اعظم 45 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ رہے جب کہ اوپنر ڈینلی 46 گیندوں پر 79 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔
شاندار کارکردگی پر کامران اکمل کو مرد میدان قرار دیا گیا ۔