Thursday, April 25, 2024

پشاور زلمی نے دوسرے الیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست دے دی

پشاور زلمی نے دوسرے الیمینیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48 رنز سے شکست دے دی
March 16, 2019
کراچی (92 نیوز) دوسرے الیمینیٹر میں پشاورزلمی نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48رنز سےشکست دے دی۔ پشاور زلمی نے مسلسل تیسری مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا کر لیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاورزلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20اوورز میں 214رنز بنائے،،پشاور کے اوپنرز کامران اکمل اور امام الحق نے 135رنز کاشاندار آغاز فراہم کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں، کامران اکمل نے 74اور امام الحق نے 58رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ پشاور کے کیرن پولارڈ اور ڈیرن سیمی نے بھی اسلام آباد کے باؤلرز پر خوب لاٹھی چارج کیا، کیرن پولارڈ نے 37رنز بنائے اور کپتان ڈیرن سیمی 30رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کیمرون ڈیلپورٹ نے دو اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی دو وکٹیں 26 کے مجموعی اسکور پر گر گئیں، لیوک رونکی 17اور ایلکس ہیلز ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چیڈوک والٹن اور ڈیلپورٹ نے مزاحمت دکھائی اور ٹیم کا اسکور89 رنز تک  پہنچایا، ڈیلپورٹ 28رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،،والٹن48رنز بنا کر ٹائمل ملز کا شکار بنے۔ آصف علی کا بلا بھی نہ چلا اور بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، فہیم اشرف نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو جیت کی امید دلائی، فہیم اشرف کے آؤٹ ہونے پر اسلام آباد کی ٹیم مزاحمت جاری نہ رکھ سکی، اسلام آباد یونائٹیڈ 9 وکٹوں پر 166 رنز ہی بنا سکی، فہیم اشرف نے 14گیندوں پر 31رنز کی اننگز کھیلی۔ پشاور کے حسن علی اور کرس جارڈن نے تین،تین وکٹیں حاصل کیں۔