Thursday, April 25, 2024

پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیےآج آمنے سامنےہونگی

پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی ٹیمیں فائنل تک رسائی کے لیےآج آمنے سامنےہونگی
March 3, 2017
  شارجہ(92نیوز)پی ایس ایل ٹو کا سب سے سنسنی خیز میچ آج کھیلا جائے گا۔ پشاور زلمی اور کراچی کنگز میں ٹکراؤ کو  فائنل سے پہلے فائنل قرار دیا جا رہا ہے۔  جیتنے والی ٹیم فائنل کیلئے لاہوراور  ہارنے والی گھر جائے گی۔ شائقین کو آج رات نو بجے شروع ہونے والے معرکے کا بے تابی سے انتظار ہے۔ تفصیلات کےمطابق پاکستان سوپر لیگ میں آج اس وقت پڑے گا گھمسان کا رن  جب  پشاور اور کراچی کی ٹیمیں ایونٹ میں تیسری بار مد مقابل ہوں گی۔ دونوں ٹیمیں اس لحاظ سے ہم پلہ ہیں کہ  پہلے دو میچوں میں ایک ایک جیت اپنے نام کر چکی ہیں۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر پشاور کی کارکردگی بہتر رہی تاہم کراچی کی ٹیم بھی وقت گزرنے کے ساتھ فارم میں آتی گئی۔ آج کنگز کا زور چلے گا یا زلمیوں کا جذبہ رنگ لائے گا، فیصلہ ہو گا شارجہ کے میدان میں ہوگا۔ کراچی کے پاس  کرکٹ کے بڑے  بادشاہ موجود ہیں تو پشاور کے پاس بھی پر جوش نوجوانوں کی کمی نہیں۔ کراچی کی قیادت آزمودہ کار سنگاکارا کے پاس ہے تو پشاور کے قائد ہیں ویسٹ انڈیز کے ہر دل عزیز ڈیرن سیمی ہیں ۔ بلے بازی میں کراچی کے پاس کرس گیل جیسا ہٹر ہے تو  پشاور کے پاس شاہد آفریدی جیسا بلے باز جس کا بلا گھومے تو بڑے بڑے باؤلرز کا پِتّا پانی کر دے کراچی کے پاس بابر اعظم ہیں تو پشاور کو سہارا ہے کامران اکمل کا ۔ باؤلنگ میں بھی دونوں ٹیموں کے پاس کئی مہلک  ہتھیار موجود ہیں۔ بلے بازوں کو ڈرانے کے لیے کراچی کے پاس محمد عامر ہیں تو پشاور کے پاس ہیں وہاب ریاض۔ وکٹیں اڑانے کے لیے کراچی کو سہیل خان  دستیاب ہیں تو پشاور کے پاس  بھی جنید خان کی صورت میں ان کا توڑ موجود ہے۔ کون کس کو پچھاڑے گا، یہ جاننے کے لیے کرکٹ شائقین بے تاب ہیں۔