Sunday, September 8, 2024

پشاور میں 16 گھنٹے طویل آپریشن،5دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے ‏

پشاور میں 16 گھنٹے طویل آپریشن،5دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے ‏
April 16, 2019

پشاور ( 92 نیوز ) پشاور میں دہشتگردوں کے خلاف 16 گھنٹے طویل آپریشن کیا گیا ، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ مقابلے میں 5 دہشتگرد انجام کو پہنچ گئے جب کہ بارودی مواد ناکارہ بنانے کے دوران دھماکے سے عمارت زمین بوس ہو گئی ۔

پشاور کے پوش علاقے حیات آباد کے فیزسیون میں  گزشتہ رات  ایک گھر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پرکارروائی کی گئی۔

سکیورٹی فورسز اور پولیس نے رات بھر جاری رہنے والے آپریشن کے دوران کمین گاہ میں چھپے دہشت گردوں کا جوانمردی سے مقابلہ کیا، مقابلے میں پولیس اے ایس آئی قمرعالم جام شہادت نوش کرگئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 5 دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں ایک آفیسر اور ایک جوان زخمی ہوا۔

 آپریشن مکمل کرنے والے آرمی کے کمانڈوز کو شہریوں نے تالیاں بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔

آپریشن میں شہید اے ایس آئی قمرعالم کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی،وزیراعلٰی محمودخان، کورکمانڈر اور آئی جی خیبرپختونخوا سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

دہشت گردوں کے ٹھکانے میں موجود بارودی مواد نکارہ بنانے کے عمل کے دوران دھماکے سے گھر زمین بوس ہوگیا ۔  ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے سہولت کار اور پراپرٹی ڈیلر کو گرفتارکر لیا گیا۔