Monday, May 6, 2024

پشاور :حیات آبادمیں ڈپٹی کمانڈنٹ کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکہ ،2اہلکار شہید، 5زخمی

پشاور :حیات آبادمیں ڈپٹی کمانڈنٹ کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکہ ،2اہلکار شہید، 5زخمی
June 11, 2015
پشاور (92نیوز) پشاور میں ڈپٹی کمانڈنٹ فرنٹیئر ریزرو پولیس (ایف آر پی)کی گاڑی پر خودکش حملے میں 2 اہلکار شہید جبکہ ڈپٹی کمانڈنٹ ملک طارق سمیت پانچ اہلکار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق دھماکہ حیات آباد فیز فائیو میں ڈپٹی کمانڈنٹ ایف آر پی ملک طارق کی گاڑی کے قریب کیا گیا جس میں 2 اہلکار ابرار حسین اور لعل بہادر شہید جبکہ ڈپٹی کمانڈنٹ سمیت پانچ اہلکار زخمی ہو ئے۔ ہسپتال میں زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ ڈپٹی کمانڈنٹ کو آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز میاں محمد سعید نے تصدیق کی کہ دھماکہ خود کش تھا جبکہ دھماکے کی جگہ سے خودکش بمبار کے اعضاءمل گئے ہیں۔ اے آئی جی بم ڈسپوزل یونٹ شفقت ملک نے کہا ہے کہ دھماکے میں چھ سے سات کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ بمبار نے بارود سے بھری جیکٹ پہنچ رکھی تھی۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خودکش بمبار موٹر سائیکل پر سوار تھا جو ڈپٹی کمانڈنٹ کی گاڑی کا پیچھا کر رہا تھا۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔