Friday, April 19, 2024

پشاور بی آر ٹی کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

پشاور بی آر ٹی کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
April 30, 2020

پشاور ( 92 نیوز ) پشاور بی آر ٹی کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا ، جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

پشاور بی آر ٹی کیس سپریم کورٹ میں 5 مئی کو سماعت کیلئے مقرر ہو گیا، دو رکنی بینچ کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کریں گے  جبکہ جسٹس قاضی محمد امین دو رکنی بینچ کا حصہ ہوں گے ، ایڈووکیٹ جنرل کے پی سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ۔

پشاور بی آر ٹی منصوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے گزشتہ دور میں شروع ہوا تھا ، منصوبے کے آغاز کے وقت  اس کی تکمیل6 ماہ میں کرنے کا اعلان کیا گیا تھا  جو تاحال مکمل نہ ہو سکا ۔ ادھر منصوبے میں  انجینئرز کی غفلت ، انتظامیہ کی نا اہلی سمیت دیگر مسائل سامنے آتے رہے ۔

  ریچ ون میں فردوس کے مقام پر نکاسی آب کا نظام ہی نہیں رکھا گیا تھا جس پر دوبارہ توڑ پھور کی گئی ، ریچ ون مکمل ہونے کے بعد انجنیئرز پر انکشاف ہوا کہ یہاں تو نکاسی آب کا کوئی نظام ہی نہیں جس پر منصوبے کی نئی بنائی گئی سڑک کھود دی گئی۔

بی آر ٹی منصوبے میں نقص سامنے آنے کا یہ پہلا موقع نہیں۔ اس سے قبل بھی وقفے وقفے سے منصوبے میں نقائص سامنے آنے پر توڑپھوڑ ہوتی رہی۔

دوسری جانب  میگا پراجیکٹ کی تکمیل کی ایک کے بعد ایک  ڈیڈلائن دی گئی ، پہلے شوکت یوسفزئی نے عوام کو  مارچ 2020 اور پھر اپریل کی ڈیڈ لائن دی ، اپریل نزدیک آتے ہی  مشیراطلاعت اجمل وزیر نے پشاور کے شہریوں کو جون کا سنا دیا۔

اس سے قبل بی آرٹی منصوبے کے کنٹریکٹر نے بھی منصوبہ مارچ 2020 تک مکمل کرنے کی مہلت مانگی تھی۔