Saturday, April 27, 2024

پشاور: بم ڈسپوزل یونٹ نے 15کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا

پشاور: بم ڈسپوزل یونٹ نے 15کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا
January 9, 2017

پشاور (92نیوز) پشاور کی کارخانو مارکیٹ کے سامنے دہشت گردی کا خوفناک منصوبہ ناکام بنا کر سلنڈربم ناکارہ بنادیا گیا۔ جان پر کھیل کر بم ناکارہ بنانے والا بم ڈسپوزل یونٹ کا اہلکار کامیابی پر ہیرو بن گیا۔ شہریوں نے خوشی کے مارے کندھوں پر اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور کی مشہور اور مصروف کارخانو مارکیٹ کے باہر فروٹ کی ریڑھی میں مشکوک سامان کی اطلاع ملی تو پولیس نے پشاور جمرود روڈ ٹریفک کےلئے بند کردیا اور بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کر لیا۔ بم ناکارہ بنانے کی کوشش شروع ہوئی تو موقع پر موجود شہریوں کی دل کی دھڑکنیں رک گئیں۔

ریڑھی سےسلنڈر بم برآمد ہوا جسے بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنادیا۔ بی ڈی یو اہلکارنے فاتحانہ انداز میں اپنی کامیابی کا اعلان کیا توشہریوں کی جان میں جان آئی اور اہلکار کو ہیرو کی طرح کندھوں پر اٹھا لیا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ریڑھی میں رکھے ریموٹ کنٹرول سلنڈر بم میں پندرہ کلوگرام بارودی مواد تھا۔ بم پھٹ جاتا توبڑی تباہی ہوجاتی۔