Saturday, April 27, 2024

پشاور : ایک ہزار سال پرانا برگد کا درخت حکومتی توجہ کا منتظر

پشاور : ایک ہزار سال پرانا برگد کا درخت حکومتی توجہ کا منتظر
October 18, 2015
پشاور (92نیوز) پشاور میں ایک ہزار سال پرانے تاریخی برگد کے درخت کوبڑھتی ہوئی آبادی کے طوفان نے بڑھورتی روک دیا ہے۔ صدیوں سے چلچلاتی دھوپ میں ٹھنڈی چھاوں فراہم کرنے والا یہ بزرگ شجر متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کے باعث سیاحوں کی نظروں سے اوجھل ہے۔ تفصیلات کے مطابق صرف چڑیوں کو ہی اس بوڑھے درخت سے پیار نہیں آدم زاد بھی اس کے سائے تلے بیٹھ کر تھکن اتارتے ہیں۔ برگد کا یہ درخت ایک ہزار سال سے یہ خدمت سرانجام دے رہا ہے۔ بچپن میں اس درخت کی شاخوں سے اٹھکیلیاں کھیلنے والے آج بھی اس کے سائے میں بیٹھ کر ضعیف العمری کے دن کاٹ رہے ہیں۔ اس درخت کی خاصیت ہے کہ اس کی شاخیں بہت دور جاکر زمین بوس ہوجاتی ہیں اور زمین میں اپنے لئے جگہ بناکر اپنے تنے کوسہارا دیتی ہیں۔ اس قدر قدیم اور تناور درخت کی حفاظت کا کوئی بندوبست نظر نہیں آتا۔ برگد کے درخت کو مقامی زبانوں میں بڑ‘ بنڑ‘ بوڑ اور بڈھا درخت بھی کہا جاتا ہے۔ پھیلی ہوئی شاخوں کی وجہ سے چڑیوں کو اس بوڑھے شجر سے بڑا پیار ہے مگر اس کی شاخوں کو مزید پھیلنے نہیں دیا جارہا۔ ایسا محسوس ہوتا ہے حکومت وقت کو معلوم ہی نہیں کہ اس ایک ہزار سال پرانے درخت کی حفاظت بھی اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔