Monday, September 16, 2024

پشاور : ایف آئی اے نے فیس بک کے ذریعے طالبات کو بلیک میل کرنےوالا گینگ پکڑ لیا

پشاور : ایف آئی اے نے فیس بک کے ذریعے طالبات کو بلیک میل کرنےوالا گینگ پکڑ لیا
August 16, 2015
پشاور (92نیوز) پشاور میں بڑے پیمانے پر فیس بک پر طالبات کو بلیک میل کرنے والے گینگ کا سراغ لگا کر دو ملزموں کو گرفتار لر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے طالبات کو فیس بک کے ذریعے بلیک میل کرنے والا گروہ دھر لیا ہے اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق فیس بک کے ذریعے کالج کی طالبات کی تصاویر کو غلط طریقے سے استعمال کر کے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا جاتا رہا جبکہ کئی طالبات سے رقم ہتھیانے کی کوشش کی گئی، دیگر طالبات کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔ گنداگیر کے نام سے فیس بک آئی ڈی بنانے والے اس گینگ نے متعدد فیس بک پیجز بنا رکھے تھے جن پر پشاور کے مختلف کالجز کی طالبات کی تصاویر دی گئی تھیں۔ ایف آئی اے کے مطابق اس گینگ کا سرغنہ محمد علی شاہ ہے جو انجینئرنگ کا طالب علم بتا یا جاتا ہے۔ گرفتار ہونے والا اس کا دوسرا ساتھی سہیل بلدیاتی کونسلر ہے ۔ ایف آئی اے کے مطابق طالبات کو بلیک میل کرنے کا یہ سلسلہ پہلے 2008ءمیں شروع ہوا جو 2010ءتک جاری رہا۔ بعد میں 2012ءسے یہ سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوا۔ فیس بک پر پیغامات میں اس گینگ نے ایف آئی اے کو بھی چیلنج کر رکھا تھا تاہم ایف آئی اے حکام اس وقت حرکت میں آگئے جب ایک شہری نے اس بارے میں اس کی شکایت کی اور انہیں فیس بک کے ایڈمنسٹریٹر کا فون نمبر فراہم کر دیا ۔ ایف آئی کے مطابق اس گینگ کے ایک اور نوجوان کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے جسے عنقریب گرفتار کیا جائے گا۔