Saturday, April 20, 2024

پشاور: اقلیتی برادری نے جشن میلاد منعقد کر کے سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کو خراج عقیدت پیش کیا

پشاور: اقلیتی برادری نے جشن میلاد منعقد کر کے سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کو خراج عقیدت پیش کیا
December 24, 2015
پشاور (نائنٹی ٹو نیوز) آقا دوجہاں، فخر موجودات حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت باسعادت کی خوشی جہاں پوری دنیا کے مسلمان مناتے ہیں وہیں دیگر مذاہب کے لوگ بھی پغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کے مرتبے کے معترف ہیں۔ پشاور میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے جشن میلاد منعقد کر کے سرور کونین صلی اللہ علیہ وسلم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سرورکونین حضور مصطفیٰ دونوں جہانوں کے سردار ہیں۔ ان کی ولادت باسعادت پر خوشی صرف مسلمان ہی نہیں مناتے پشاور میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا موقع آیا تو عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ہندو، مسیحی اور سکھ برادری بھی اکٹھی ہو گئیں۔ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو گلہائے عقیدت پیش کرنے میں ہندو بچے پیش پیش رہے۔ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے یہ تقریب آل پاکستان ہندو رائٹس موومنٹ نے منعقد کرائی جس سے عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ساتھ اقلیتی برادری بھی پرجوش نظر آئی۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والوں نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں خوبصورت محفل سجا کر جہاں مذہبی ہم آہنگی کا ثبوت دیا، وہاں یہ بات بھی ثابت ہو گئی کہ پشاور میں ایسے مواقع پر بھی اقلیتی برادری مسلمانوں کے سنگ نظر آتی ہے۔