Saturday, May 11, 2024

پشاور آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث چار دہشت گردوں کو پھانسی

پشاور آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث چار دہشت گردوں کو پھانسی
December 2, 2015
اسلام آباد (92نیوز) آرمی پبلک سکول حملے میں ملوث 4 دہشت گردوں کو سول جیل کوہاٹ میں پھانسی دے دی گئی۔ صدرمملکت سے رحم کی اپیل مسترد ہونے کے بعد آرمی چیف نے 30 نومبر کو ان چاروں دہشت گردوں کے بلیک وارنٹ جاری کئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق 18 دسمبر 2014ءکو آرمی پبلک سکول پشاور میں حملہ کر کے 144 سے زائد معصوم بچوں کو شہید کرنے والے چار دہشت گردوں کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اے پی ایس پشاور پر حملے میں ملوث دہشت گرد حضرت علی، عبدالسلام، مجیب الرحمن اور سبیل کو آج صبح سول جیل کوہاٹ میں پھانسی دے دی گئی۔ ملٹری کورٹ نے 18 دسمبر 2014ءکو ان دہشت گردوں کو موت کی سزا سنائی۔ ملٹری کورٹ کے فیصلے کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے توثیق کی۔ ملٹری کورٹ سے سزائے موت ملنے کے بعد ان دہشت گردوں نے ایوان صدر کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن صدر مملکت نے وزیراعظم کی سفارش پر 19 نومبر کو ان دہشت گردوں کی رحم کی اپیلیں مسترد کر دیں اور اس حوالے سے جی ایچ کیو کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا۔ ایوان صدر سے سمری موصول ہونے کے بعد آرمی چیف نے 30 نومبر کو ان دہشت گردوں کے بلیک وارنٹ جاری کئے جس پر آج صبح عمل درآمد کر دیا گیا۔ بلیک وارنٹ جاری ہونے کے دو روز بعد دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا۔ آرمی پبلک سکول حملے کے بعد ان دہشت گردوں کو سکیورٹی کے اداروں نے 24 فروری کو پاک افغان سرحد سے گرفتار کیا تھا جنہوں نے ملٹری کورٹ میں دوران سماعت اے پی ایس پر حملے کا اعتراف بھی کیا۔