Friday, April 26, 2024

پریکٹس میچ ، پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیدی

پریکٹس میچ ، پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیدی
October 31, 2019
سڈنی ( ویب ڈیسک ) پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین پریکٹس میچ سڈنی میں کھیلا گیا جہاں شاہینوں نے کینگروز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی ۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا ، آسٹریلیا کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے ۔ پہلا اوور محمد عرفان نے کرایا جس کی پہلی ہی گیند پر ریان گبسن کلین بولڈ ہو گئے ، ساتھی اوپنر جیک فریسر بھی 15 اسکور بنا کر عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ ٹاپ آرڈر کی پوزیشن پر کھیلنے والے کپتان کرس لین نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 16 گیندوں پر 24 رنز بنائے ، انہوں نے 4 چوکےا ور ایک چھکا بھی لگایا ۔ وہ وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ ناتھن مک سوینے نے 26 گیندوں پر 30 اسکور بنائے ، وہ اپنی ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے ، وہ شاداب خان کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ ایلکس روز کی مزاحمت بھی17 کے اسکور پر دم توڑ گئی ،جبکہ وکٹ کیپر بلے باز باکسٹر جے ہولٹ نے 16 رنز بنائے ۔ ول سوتھرلینڈ 10اور کرس گرین 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ پریکٹس میچ میں پاکستانی ٹیم کے اوپنر اور کپتان بابر اعظم نے 34 رنز کی پر اعتماد اننگز کھیلی ،انہوں نے ایک چھکا اور تین چوکے لگائے وہ وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، ،ساتھی اوپنر فخر زمان نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے پوپ کی گیند پر گبسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، وہ قومی ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر بھی رہے ۔ ٹاپ آرڈر حارث سہیل نے تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے ۔ نوجوان بلے باز آصف علی بغیر کوئی رن بنائے دوسری ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے ۔ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 7 اور افتخار احمد 4 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ شاداب خان تین وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ قرار پائے ۔