Thursday, April 18, 2024

پری مون سون بارشوں کا آغاز ہو گیا !!! جمعرات تک بارشیں ہونگی: محکمہ موسمیات

پری مون سون بارشوں کا آغاز ہو گیا !!! جمعرات تک بارشیں ہونگی: محکمہ موسمیات
June 21, 2015
لاہور (92نیوز) سورج کا پارہ چڑھا تو بادلوں کو روزہ داروں پر رحم آ گیا۔ بالائی پنجاب، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر سے پری مون سون بارشوں کا آغاز ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آج سے جمعرات تک تین سے چار بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ تفصیلات کے مطابق کہیں بوندا باندی ہوئی تو کہیں بادل جم کر برسے۔ گرمی کا زور ٹوٹا تو شہریوں نے بھی سکھ کا سانس لیا۔ فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ڈی آئی خان، راولپنڈی، اسلام آباد، ساہیوال اور مظفرآبادسمیت کئی علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ سب سے زیادہ بارش مری میں 47ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پری مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ ملک کے مختلف علاقوں میں جمعرات تک جاری رہے گا اور اس دوران درجہ حرارت میں واضح کمی کا امکان ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہزارہ، گوجرانوالہ اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس دوران مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، مردان، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، لاہور، ژوب، میرپور خاص ڈویژن، اسلام آباد، فاٹا اور گلگت بلتستان میں بھی چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی سبی میں پڑی جہاں درجہ حرارت49سینٹی گریڈ ریکار ڈ کیا گیا۔