Thursday, March 28, 2024

پرہجوم مقامات پر سب کیلئے ماسک پہننا لازم قرار

پرہجوم مقامات پر سب کیلئے ماسک پہننا لازم قرار
May 30, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) حکومت نے پرہجوم مقامات پر سب کیلئے ماسک پہننا لازم قرار دے دیا ، معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے کہا کہ  کورونا کی وبا پھیل رہی ہے، مریض اور اموات بڑھ رہی ہیں  ،ایس او پی پر سختی سے عمل کرنا ہوگا ۔

 مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا  اور قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے اسلام آباد میں  پریس کانفرنس کی  ۔  ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ عالمی سطح  پر 3 لاکھ 57 ہزار  سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں ،  24  گھنٹوں میں 78 افراد موت کا شکار ہوئے،یہ اس وقت کی سب سے زیادہ تعداد ہے ،  78 افراد میں سے 4 طبی عملے کے افراد شامل ہیں  ۔

 ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ اب تک کل 1395 افراد مہلک وائرس سے  انتقال کر چکے ہیں   ،36فیصد مریض صحتیاب ہوئے ،ہم 5لاکھ 32 ہزار ٹیسٹ کر چکے ہیں، سوشل میڈیا پر ایک نامور عالم کہہ رہے تھے کہ اگر کوئی کورونا کا شکار ہو گیا ہے تو وہ اسپتال نہ جائے،اخدارا اس طرح کی افواہیں  نہ پھیلائیں۔

مشیر برائے قومی سلامتی  معید یوسف نے کہا کہ   د نیا کے  55 سے 60 ممالک سے 33 ہزار پاکستانی واپس آئے ہیں،ہماری ایمبسیوں پر اوورسیز پاکستانیوں کا بہت زیادہ پریشر آرہا ہے،اوورسیز پاکستانیوں کےلئے چند دنوں میں بہت بڑی خوشخبری  ،ایک نئی پالیسی کی صورت میں لے کر آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو غیر ملکی ائیر لائن پاکستان  سے مسافر لے کرجانا چاہے تو خالی آئے اور مسافر بھر کر لے جائے ،افغانستان میں موجود پاکستانی بھی واپس لائے جارہے ہیں،پاکستان نے ابھی سیاحوں کے لئے ابھی تک کوئی اجازت نہیں دی،تاجر حضرات،یا جو یہاں کسی منصوبے پر کام کررہے ہیں،ان پر کام کررہے ہیں ۔ چین اور ایران کے ساتھ بارڈر کھولنے کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔