Thursday, May 9, 2024

پرچی چیئرمین کو معیشت کی الف ب کا نہیں پتا، فرخ حبیب

پرچی چیئرمین کو معیشت کی الف ب کا نہیں پتا، فرخ حبیب
June 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے پرچی چیئرمین کو معیشت کی الف ب کا نہیں پتا۔ بچوں والی حرکتیں چھوڑیں اور مافیاز کےخلاف ایکشن لیں۔

اتوار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب بولے کہ یہ اپنی کرپشن اور چوری سے توجہ ہٹانے کے لیے بیان بازی کرتے ہیں۔ لیکچر دینے کے بجائے بلاول بھٹو سندھ کی سڑکوں پر نکلیں۔

انہوں نے کہا، پچھلی حکومت کے فیصلوں پر نظرثانی سے قوم کے 770 ارب روپے بچائے۔ ہمیں تو کانٹوں کی سیج ملی تھی، جگہ جگہ اسحاق ڈار مائنز لگا کر گئے تھے، اس کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا ٹیکس لگانے کا ارادہ نہیں، سہولیات فراہم کریں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ، وہ لوگ جو جیل جانے کے ڈر سے مایوسی کے ڈھول بجاتے ہیں انہیں  قوم کوحقائق بتانے چاہئیں۔ یہ مہنگی بجلی بناتے رہے، ٹرانسمیشن پر انویسٹمنٹ نہیں کی گئی۔ عمران خان کے وژن سے معیشت مثبت انداز میں آگے بڑھ رہی ہے۔

ادھروزیراعظم کے مشیر شہبازگل کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا ہے، ہمیں ملک دیوالیہ کرکے دیا گیا جسے ترقی کی راہ پر ڈال دیا، بجٹ کے دنوں میں اپوزیشن ہمیشہ حکومت پر حاوی ہوتی ہے، اعدادوشمار دیکھ کر اپوزیشن سائلنٹ ہوگئی، باجی کے ساتھ چچا بھی خاموش ہیں۔

انہوں نے کہا، رانا ثناء اللہ کل ریت کی بات کر رہے تھے، رانا صاحب کھڑے ہو کر دیکھیں۔ یہ سارا قبضہ گروپ مافیا تھا، نام ختم نہیں ہوں گے۔ جاتی امرا، جاوید لطیف، خرم دستگیر، تہمینہ دولتانہ، مائزہ حمید اور بیشتر نام قبضہ گروپ مافیا کے ہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ، اس بار گندم کی بہترین فصل ہوئی، پیسہ بھی بہترین ملا ہے۔ فصلوں کے بعد اب ہم لائیو سٹاک کی طرف آئیں گے۔ فارن ریزرو 9 سے 23 ہو گیا ہے، ایکسپورٹ میں ساڑھے 13 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔