Friday, March 29, 2024

پرپیچ برفیلے راستوں میں منعقدہ دوسری لواری سنو جیپ ریلی اختتام پذیر

پرپیچ برفیلے راستوں میں منعقدہ دوسری لواری سنو جیپ ریلی اختتام پذیر
January 9, 2017

سوات (92نیوز) دوسری لواری سنو جیپ ریلی اختتام پذیر ہو گئی۔ ریلی کے راستوں پر جگہ جگہ سیاحوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد ڈرائیورز کا حوصلہ بڑھانے کے لیے موجود تھی۔ تفصیلات کے مطابق لواری ٹاپ کی برف پوش وادی میں جیپ ریلی صبح ساڑھے آٹھ بجے کولنڈی سے شروع ہوئی جس میں پانچ مختلف کلبوں کے پچاس ممبران نے حصہ لیا۔

اس دوران دوروز کے دوران جاری برفباری نے جیپ ریلی کے مزے کو دوبالا کر دیا۔ برفباری نے ریلی کا ٹریک مشکل بناتے ہوئے مزید دلچسپ بنا دیا۔ ریلی پانچ گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم ہو گئی جس میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب سید اعزاز اسلام آباد کلب، تیمور خان فرنٹیئر ایکس فورٹی فور کلب اور شہزادہ رضا چترال کلب نے حاصل کی۔

ریلی کے مہمان خصوصی جنرل آفیسر کمانڈنگ آرمی مالاکنڈ ڈویژن میجر جنرل علی عامر اعوان نے پوزیشن حاصل کرنے والے جیپرز میں کیش انعام تقسیم کیے۔ اس خوبصورت تقریب کو چارچاند اس وقت لگے جب وادی کالاش کے خواتین اور مردوں نے روایتی ڈانس کیا۔ اس کے علاوہ لوگوں نے روایتی خٹک ڈانس بھی پیش کیا۔