Wednesday, May 1, 2024

پروین شاکرمرحومہ کا 65واں یوم پیدائش آج منایا جارہاہے

پروین شاکرمرحومہ کا 65واں یوم پیدائش آج منایا جارہاہے
November 23, 2017

لاہور ( 92 نیوز ) خوابوں، خوشبوؤں اور محبتوں کو اپنی شاعری کے قالب میں ڈھالنے والی شاعرہ پروین شاکر مرحومہ کا آج 65 واں یوم پیدائش ہے۔ شعر و سخن کے لیے پروین شاکر نے بے مثال خدمات پیش کیں ۔
اردو ا دب کی ماہِ تمام پروین شاکر مرحومہ کی 65 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے ۔ سچائی اور رعنائی ان کے اشعار کی اساس ہیں تو محبت اور عورت ان کی شاعری کا موضوع ہے ۔
پروین شاکر کی شاعری خوشبو سے شروع ہو کر صد برگ، خود کلامی، انکار اور کف آئینہ سے ہوتی ہوئی ادبی افق پر ماہ تمام کی صورت میں طلوع ہوئی۔ دھوپ، پتہ، شاخ، پھول اور خوشبوپروین شاکرکے استعارے ہیں۔
ماہ تمام کی تکمیل کے بعد پروین شاکر کو کوئی بکھرنے سے نہ روک سکا اور 26 دسمبر 1994ء کووہ اسلام آباد میں ایک ٹریفک حادثے میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں ۔ اُس وقت اُن کی عمر محض 42 برس تھی ۔
پروین شاکر آج ہم میں نہیں لیکن ان کی شاعری انہیں آج بھی چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہے۔
مر بھی جاؤں تو کہاں لوگ بھلا ہی دیں گے
لفظ میرے، میرے ہونے کی گواہی دیں گے