Thursday, April 25, 2024

پروین شاکر کی آج 23 ویں برسی

پروین شاکر کی آج 23 ویں برسی
December 26, 2017

لاہور (92 نیوز) خوابوں، خوشبوں اور محبتوں کو اپنی شاعری کے قالب میں ڈھالنے والی پروین شاکر کی آج 23 ویں برسی ہے۔
پروین شاکر کی شاعری خوشبو سے شروع ہو کر سد برگ، خود کلامی، انکار اور کف آئینہ سے ہوتی ہوئی ادبی افق پر ماہ تمام کی صورت میں طلوع ہوئی۔
ان کے کلام میں جڑے ست رنگی لفظ اور ان کا ادراک قاری کو محظوظ کرتا ہے۔
نامور شعرا کے گھرانے میں پیدا ہونے والی پروین شاکر نے انگریزی اور اردو ادب میں گریجویشن کیا۔
سچائی اور رعنائی ان کے اشعار کی اساس ہیں تو محبت اور عورت ان کی شاعری کا موضوع ۔
پروین شاکر نے قبولیت اور دائمی شہرت کا فاصلہ سبک روی سے طے کیا۔ دھوپ، پتہ، شاخ، پھول اور خوشبو ان کے استعارے ہیں۔
پروین شاکر نے اپنی نسوانیت کے وقار کو برقرار رکھتے ہوئے ہر طرح کی مضمون آفرینی کی۔
ماہ تمام کی تکمیل کے بعد پروین شاکر کو کوئی بکھرنے سے نہ روک سکا اور 26 دسمبر 1994 کو اسلام آباد میں ایک ٹریفک حادثہ میں 42 برس کی عمر میں وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں لیکن ان کی شاعری آج بھی ان کے ہونے کا احساس دلاتی ہے۔