Tuesday, April 23, 2024

پرویزمشرف کیخلاف سنگین غداری کیس میں انٹرپول کاجواب داخل کرنیکاحکم

پرویزمشرف کیخلاف سنگین غداری کیس  میں انٹرپول کاجواب داخل کرنیکاحکم
August 29, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز)  خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت  کے دوران  انٹرپول کی طرف سے دیا گیا جواب عدالت میں داخل کرنے کا حکم جاری  کر دیا گیا۔ اگلی سماعت پر وکلاء استغاثہ و صفائی کو اسکائپ پر سابق صدر کا بیان لینے کی تیاری کر کے آنے کا حکم۔ خصوصی عدالت کے جج جسٹس یاور علی نے پرویزمشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ کیا 342 کے بیان کے بغیر کاروائی آگے بڑھائی جاسکتی ہے   ، آئندہ سماعت پر اگر مشرف نہیں آتے تو بتایا جائے کہ کیس کو کیسے حتمی نتیجے تک پہنچایا جائے ۔ عدالت نے اگلی سماعت پر وکلاء استغاثہ و صفائی کو اسکائپ پر سابق صدر کا بیان لینے کی تیاری کا حکم دیتے ہوئے کہا آئندہ سماعت پر ملزم کے 342 کے بیان پر بھی فریقین دلائل دیں ۔ دوران سماعت سیکرٹری داخلہ نے یوسف نسیم کہا ہم نے پرویز مشرف کو لانے کیلئے انٹرپول سے درخواست کی تھی   جسے یہ کہہ کر مسترد کر دیا گیا تھا کہ انٹرپول کے قانونی دائرہ کار میں سنگین غداری کیس نہیں آتا ۔ عدالت نے انٹرپول کی طرف سے دیا گیا جواب عدالت میں داخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی ۔