Friday, April 26, 2024

پرویزمشرف کو دنیا میں کھوکھا الاٹ کرنے کی اجازت نہیں، چیف جسٹس

پرویزمشرف کو دنیا میں کھوکھا الاٹ کرنے کی اجازت نہیں، چیف جسٹس
July 3, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) گن اینڈ کنٹری کلب میں میرج ہالز کی غیر قانونی تعمیرات کیس میں چیف جسٹس نے کہا کہ کسی کے باپ کی جاگیر نہیں۔ پرویز مشرف کو دنیا میں کھوکھا الاٹ کرنے کی اجازت نہیں۔ وہ عدالت میں آکر غیر قانونی اقدامات کی وضاحت کریں۔ گن اینڈ کنٹری کلب میں میرج ہالز کی غیرقانونی تعمیرات پر ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ مفت کی زمین ملی۔ اب کیا کچھ بنا ہوا ہے؟؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ 5 شوٹنگ رینجز، ایک ڈائننگ ہال، ایک لائون، 3 سوئمنگ پولز، ایک ہیلتھ کلب، ایک سیلون اور 3 ٹینس کورٹس ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ یہ توایک مکمل کلب بن گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں نہ شام کو شراب پینے والوں کو پکڑ لیں۔ بہت ہوگیا کھانا پینا، اب اراضی اسپتال کو دیں گے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ گن اینڈ کنٹری کلب کا موجودہ ایڈمنسٹریٹر کہاں ہے؟؟کلب کو سیف گیمز کےلیے بنایا گیا۔ کیوں نہ اسے بند کر دیا جائے۔ درخواست گزار نے بتایا کہ اس وقت کے چیف ایگزیکٹو پرویز مشرف نے کلب کی اجازت دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پرویز مشرف کو دنیا میں کھوکھا الاٹ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ سابق صدر آکر غیر قانونی اقدامات کی وضاحت کریں۔ عدالت کھیلوں کی حوصلہ شکنی نہیں کررہی۔ زمین پر غیر قانونی طریقے سے قبضہ کیا گیا۔ پرویزمشرف کو کلب کی زمین کی الاٹمنٹ کا اختیار نہیں تھا۔ عدالت نے فریقین سے تجاویز طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔