Friday, March 29, 2024

پرویز مشرف نے حدیبیہ کیس میں این آر او دیا ، وزیر اعظم ‏

پرویز مشرف نے حدیبیہ کیس میں این آر او دیا ، وزیر اعظم ‏
April 7, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر اعظم  عمران خان نے کہا کہ جنرل (ر) مشرف نے حدیبیہ کیس میں شریف فیملی کو این آر او دیا، فیصلہ میرٹ پر کیا جاتا تو آج منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہوچکا ہوتا۔ 60 ارب ڈالر بیرونی قرضہ لے کر کس نے اپنی  تجوریاں بھری ہیں،حساب دینا ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ملک کی موجودہ معاشی بدحالی کا ذمہ دار سابق حکمرانوں اور ان کی پالیسیوں کو قرار دے دیا۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری کے ساتھ وزیر اعظم  ہاؤس میں ہونیوالی ملاقات میں  عمران خان کا کہنا تھا کہ   اگر جنرل (ر) مشرف کی جانب سے حدیبیہ کیس میں شریف فیملی کو این آر او نہ ملتا  اورکیس کا فیصلہ میرٹ پر کیا جاتا تو آج  ملک میں منی لانڈرنگ کا خاتمہ ہو چکا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے منی لانڈرنگ کے تمام کیسز میں حدیبیہ کیس کا ماڈل استعمال کیا گیا جہاں فرنٹ مینوں کے ذریعے پیسہ باہر بھیجا گیا اور پھر واپس منگوایا گیا۔ نواز شریف اور آصف زرداری کے پیسے میں بھی یہی ماڈل سامنے آیا ہے۔

وزیر اعظم  نے قرض در قرض کی سابقہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا۔ گزشتہ دس سال میں  60 ارب ڈالر کے بیرونی قرضے کا حساب لیا جانا چاہیے ۔بتایا جائے کہ عوام کو مقروض بنا کر اس خطیر رقم سے کس نے اپنی  تجوریاں بھریں۔

وزیر اعظم  عمران خان نے اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کا ٹاسک فواد چودھری کو سونپتے ہوئے کہا  کہ عوام الناس کو گمراہ کرنے والوں کےچہروں سے پردہ ہٹاتے ہوئے ،حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں۔