Wednesday, April 24, 2024

پرویز مشرف شدید علالت کی باعث دبئی کے اسپتال منتقل

پرویز مشرف شدید علالت کی باعث دبئی کے اسپتال منتقل
December 2, 2019
دبئی (92 نیوز) سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کو شدید علالت کی حالت میں دبئی کے اسپتال منتقل کردیا گیا،  پرویز مشرف کے فیملی ڈاکٹر معید بھی امریکن ہاسپٹل میں موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز پرویز مشرف کا علاج کررہے ہیں، ابھی تک اسپتال ذرائع نے ان کی حالت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ سابق صدر صحت کی خرابی کے باعث کافی عرصے سے دبئی میں موجود ہیں۔ اکتوبر کے مہینے میں ایک میڈیکل رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پرویز مشرف کو ایک جان لیوا بیماری لاحق ہے۔ علاوہ ازیں چند روز قبل غداری کیس میں خصوصی عدالت میں فیصلہ محفوظ کرنے کیخلاف پرویزمشرف کی درخواست قابل سماعت قرار دے دی گئی تھی۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نے ریمارکس دیے کہ بد قسمتی سے اس ملک میں ہر چیز میں ڈائنامکس بدلتے ہیں،عدالت نے خواجہ طارق رحیم سے استفسار کیا آپکی ساری باتیں ٹھیک ہیں مگر یہ عدالت کیسے سماعت کر سکتی ہے؟ عدالت نے استفسار کیا،کیا پرویز مشرف عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئے ہیں؟ ، پرویز مشرف کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا ان کے مؤکل ٹرائل عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئے ۔ درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالت نے انیس نومبر کو مؤقف سنے بغیر غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق کیس کو دوبارہ سماعت کیلئے شروع کیا جائے اور خصوصی عدالت کا فیصلہ محفوظ کرنے کا حکم معطل کیا جائے۔