Monday, May 6, 2024

پرویز مشرف سنگین غداری کیس ، حکومت نے استغاثہ کی پوری ٹیم فارغ کر دی

پرویز مشرف سنگین غداری کیس ، حکومت نے استغاثہ کی پوری ٹیم فارغ کر دی
October 24, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) پرویز مشرف سنگین غداری کیس میں حکومت نے استغاثہ کی پوری ٹیم فارغ کر دی۔ نوٹیفکیشن کی کاپی 92 نیوز نے حاصل کر لی۔

خصوصی عدالت میں سابق صدر پرویز مشرف سنگین غداری کیس کی جسٹس وقار احمد سیٹھ کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ پرویز مشرف کے وکیل رضا بشیر نے ایک بار پھر التواء کی درخواست دائر کر دی اور موقف اختیار کیا کہ ڈینگی بخار کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتا۔

جسٹس وقار احمد سیٹھ نے ریمارکس دیئے کہ حکومت نے استغاثہ کی پوری ٹیم فارغ کر دی۔ کیا استغاثہ کی ٹیم کو اس انداز میں فارغ کیا جا سکتا ہے؟؟

پراسیکیوٹر ڈاکٹر طارق حسن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ کو کوئی نوٹیفکیشن موصول ہوا۔ اس پر پراسیکیوٹر نے آگاہ کیا کہ انہیں تاحال ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی لیکن افواہ ضرور سنی ہے جس پر جسٹس نذر اکبر نے ریمارکس دئیے کہ جب تک نوٹیفکیشن نہیں ملتا آپ کام جاری رکھیں۔

عدالت نے پرویزمشرف کے وکیل کو پیش ہونے کیلئے آخری موقع دے دیا اور واضح کیا کہ مزید التوا کسی صورت نہیں ملے گا۔ کیس کی دوبارہ سماعت 19 نومبر کو ہو گی۔

ادھر 92 نیوز نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ  نوٹیفکیشن کی کاپی حاصل کر لی۔ مجوزہ نوٹیفکیشن 23 اکتوبر کو جاری کیا گیا ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 22 ارکان  کو  ڈی نوٹی فائی  کیا گیا ہے۔ ان ارکان میں  10  رکنی پراسیکیوشن ٹیم ، 11 رکنی  آئینی  ٹیم  کے ممبران  اور پراسیکیوشن ٹیم کے ریسرچ اسسٹنٹ   شامل  ہیں۔