Thursday, April 25, 2024

پرویز خٹک کی دھمکی کے بعد موٹروے کھول دی گئی

پرویز خٹک کی دھمکی کے بعد موٹروے کھول دی گئی
October 30, 2016
پشاور (92نیوز) خیبرپختونخوا کا پنجاب کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہو گیا تو وزیراعلیٰ پرویزخٹک جوش میں آگئے۔ وفاقی حکومت کو موٹروے کھولنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر موٹر وے کو نہ کھولا گیا تو عوام نکل کر زبردستی اسے کھول دیں گے۔ وزیراعلیٰ کی دھمکی کے بعد موٹر وے کو کھول دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر اٹک کے قریب موٹر وے کو بند کیا گیا تو خیبرپختونخوا کا پنجاب کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ پرویزخٹک پہنچے تو موٹر وے کی بندش پر سخت ردعمل ظاہر کیا اور دھمکی دی کہ موٹر وے کو نہ کھولا گیا تو سخت ترین اقدام سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی دھمکی کام کر گئی۔ وفاقی حکومت نے اٹک کے قریب کنٹینر ہٹا دیے اور موٹر وے کو دونوں طرف سے کھول دیا گیا۔ کارکنوں کے بقول اگر موٹر وے کو دوبارہ بند کیا گیا تو وہ خود اسے کھولنے کا طریقہ خوب جانتے ہیں۔ خیبرپختونخوا اور پنجاب کا زمینی راستہ تو بحال ہو گیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ 2 نومبر سے قبل موٹر وے کو کب اور کہاں بلاک کر کے اسلام آباد کو جانے والے راستے بند کئے جاتے ہیں۔