Wednesday, April 24, 2024

پرویز خٹک سے مشاورت کے بعد زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائیگا : نوازشریف

 پرویز خٹک سے مشاورت کے بعد زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائیگا : نوازشریف
October 27, 2015
شانگلہ(92نیوز)وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہےکہ زلزلہ  متاثرین کی  بحالی  کے لئے ریاست کے تمام وسائل خرچ کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ خیبر  پختو  نخوا  سے مشاورت کے بعد  امدادی  پیکیچ کا اعلان کیا جائے گا، وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے  کی  ہدایت بھی کی ۔ تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف دورہ امریکا کے بعد وطن واپس پہنچے اور زلزلے  سے متعلق  اعلیٰ  سطح کے اجلاس کی  صدارت  کی اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان ،  وفاقی وزرا اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے شرکت کی ،اجلاس کے  بعد وزیراعظم نوازشریف زلزلے  سے متاثرہ علاقوں  کے دورہ  پر  شانگلہ روانہ ہوئے،شانگلہ  پہنچنے پر چیئرمین این ڈی ایم اے اورعسکری حکام  نے   وزیراعظم  کو بریفنگ دیتے ہوئے  بتایا کہ خوفناک زلزلے سے شانگلہ میں  مواصلات کا نظام درہم برہم ہو گیا ، پیر کی رات  تک ہلاکتوں کی تعداد 49 تھی جبکہ  غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ تعداد 52 سے 54 تک ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ  اہم شاہراہیں بحال کر دی گئی ہیں صوبائی حکومت نے اسٹاک میں موجود چار سو خیمے تقسیم کر دیئے جبکہ دو کمروں پر مشتمل گھر کی تباہی پر ایک لاکھ  اور  ایک کمرے کی تباہی پر پچاس ہزار روپے مختص کیے گئےہیں جس پروزیراعظم نے استفسار کیا کہ کیا  ایک لاکھ روپے سے مکان تیار کیا جا سکتا ہے جس پر جواب   نفی میں آیا ، گورنر سردار مہتاب احمد خان  نے اس موقع پر  شکوہ کیا کہ  ، دو ہزار پانچ کے زلزلہ متاثرین تین سال سے گھروں کی تعمیر کےلیے  سرکاری امداد کا انتظار کرنا پڑا۔اس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ امدادی پیکج کا اعلان وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف نے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کااظہارکیا اورقیمتی جانی نقصان پرورثاء سے تعزیت کی۔ وزیراعظم  نے اس موقع پرپاک  فوج  کے جوانوں  کے جذبے کو  بھی  سراہا۔ن لیگ کے رہنما امیرمقام بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔