Thursday, May 9, 2024

پرویز الٰہی اور مولانا حنیف جالندھری میں ٹیلیفونک رابطہ ، مساجد کھولنے پر گفتگو

پرویز الٰہی اور مولانا حنیف جالندھری میں ٹیلیفونک رابطہ ، مساجد کھولنے پر گفتگو
April 13, 2020

لاہور ( 92 نیوز) اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی  اور جنرل سیکرٹری وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا  جس میں  احتیاطی تدابیرکے ساتھ مساجد کھولنے ، چار ماہ کیلئے مساجد و مدارس کو یوٹیلیٹی بلز سے استثنیٰ دینے اور تبلیغی جماعت کے ساتھ امتیازی سلوک سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چودھری پرویز الٰہی اور مولانا محمد حنیف جالندھری کے مابین ٹیلی فونک رابطے میں کورونا کے باعث مساجد کی بندش کےمعاملے پر تبادلہ خیال ہوا، اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا دیگر شعبوں میں لاک ڈاؤن کے خاتمے کے ساتھ مساجد کو بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھولنے کا جائزہ لیں گے تاکہ رمضان المبارک سےقبل اعمال شروع ہوسکیں۔

چودھری پرویز الہٰی نے واضح کیا کہ مساجد کی بندش حکومت کا مقصد نہیں بلکہ کورونا سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ق نے مولانا محمدحنیف جالندھری کی طرف سے مساجد و مدارس کو چار ماہ کیلئے بجلی، گیس اور دیگر بلوں میں استثنیٰ  کی تجویزسے اتفاق کیا۔

چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا دیگر شعبوں اور صنعتوں کو ریلیف پیکیجز دئیے جارہے ہیں اسی طرح مساجد و مدارس کو بھی کم از کم بلوں کے بوجھ سے چھٹکارا ملنا چاہیے۔

چودھری پرویز الہٰی نے ملک بھر میں علماء کرام کی گرفتاریوں اور مقدمات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور حکومتی سطح پر نوٹس لینے کے عزم کا اظہار کیا ، مولانا محمد حنیف جالندھری نے تبلیغی جماعت کے حوالےسے چودھری پرویز الہٰی کے دوٹوک موقف پر ان کاشکریہ ادا کیا۔

سیکرٹری جنرل وفاق المدارس العربیہ نے جماعتوں اور علما کرام کو درپیش مسائل کی طرف بھی ان کی توجہ مبذول کرائی۔