Monday, September 16, 2024

پرویز الہیٰ آج چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کریں گے

پرویز الہیٰ آج چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کریں گے
July 30, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے پرویز الہیٰ آج چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے جوڑ توڑ جاری ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری پاکستان مسلم لیگ ق کی حمایت حاصل کرنے کے لیے چوہدری شجاعت حسین کے پاس پہنچ گئے۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فواد چودھری نے پاکستان مسلم لیگ ق کو حکومت سازی میں شمولیت کی دعوت دی۔ ادھر پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہیٰ آج شام 5 بجے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ملاقات میں شاہ محمود قریشی ، مونس الہی اور جہانگیر ترین بھی شریک ہوں گے۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ق نے پاکستان مسلم لیگ ن کی حمایت سے معذرت کر لی تھی۔تخت لاہور کا تاج تحریک انصاف کے سرسجنے کا قوی امکان ہے۔ جہانگیر ترین 7 مزید آزاد اراکین  صوبائی اسمبلی کو بنی گالا  لے آئے۔ پی ٹی  آئی کی پنجاب میں نمبر  گیم 134 ہو گئی۔ پی پی 46 نارووال سے آزاد امیدوار پیر سید سعید الحسن ، پی پی 7 راولپنڈی سے کامیاب راجہ صغیر ، ملتان پی پی 217 سے منتخب  شیخ سلمان  نعیم  ، فیصل آباد سےآزاد امیدوار اجمل چیمہ اور عمر فاروق  ،  مظفر گڑھ سے سردار عبد الحئی دستی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ دوسری جانب  پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے  ن لیگ نے چودھری برادران سے مدد مانگ  لی۔ سردار ایاز صادق کی طرف سے تعاون مانگنے پر ق لیگ نے کورا جواب دے دیا۔