Friday, April 26, 2024

پروگرام اندھیر نگری کی ٹیم پر مافیا کے ارکان کا تشدد ، حوالات میں بند کرادیا

پروگرام اندھیر نگری کی ٹیم پر مافیا کے ارکان کا تشدد ، حوالات میں بند کرادیا
March 11, 2017
لاہور(92نیوز)سچ دکھانے کی سزا نائیٹی ٹو نیوز کے پروگرام اندھیر نگری کی ٹیم کو سچ دکھانا مہنگا پڑ گیا ۔ عوام الناس کو عرصہ دراز سے زہر کھلانے والا مافیا جیت گیا ۔ پولیس کے ساتھ ملی بھگت کام کر گئی  سچ دکھانے والے تشدد کے بعد سلاخوں کے پیچھے جا پہنچے ۔ تفصیلات کےمطابق سچ کیوں دکھایا ؟یہ  ہے وہ گناہ جو نائنٹی ٹو نیوز کے پروگرام اندھیر نگری کی ٹیم نے کیا ۔ اور سزا اتنی بڑی کہ چند لمحوں میں مقدمہ بھی درج ہو گیا اور حوالات بھی ٹیم کا مقدر بن گئی ۔ نائیٹی ٹو نیوز کے پروگرام اندھیر نگری کی ٹیم پہنچی شیخوپورہ جہاں ایک ہوٹل میں عوام الناس کو کھلائے جانے والے زہر کا پردہ چاک کیا تو عرصہ دراز سے منافع کمانے والوں سے ہضم نہ ہو سکا۔ غنڈوں کا ایک گروپ اکٹھا ہوا اور پوری ٹیم کو تشدد کا نشانہ تو بنایا ہی کیمرا بھی چھین لیا۔ گناہ اتنا بڑا تھا کہ ضلع کی پولیس بھی فوری حرکت میں آئی ۔  زہر بیچنے والوں سے تحفظ فراہم کرنے کی بجائے آو دیکھا نہ تاؤ فوری نائیٹی ٹو نیوز کی ٹیم پر مقدمہ درج کر ڈالا اور دہشت گردی کی دفعات لگنا تو ضروری تھا سو وہ بھی لگا دیں گئیں۔ اندھیر نگری کی ٹیم اسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ سے باقاعدہ اجازت کے بعد پروگرام کی ریکارڈنگ کے لئے گئی جس کا کمشنر خود بار ہا دفعہ  اعلان کررہے ہیں کہ اُنہوں نے خود ساتھ جانا تھا تاہم مصروفیت کی وجہ سے نہ جا سکے۔ سوال یہ ہے کہ اگر اسسٹنٹ کمشنر ساتھ ہوتے تو کیا قانون کے رکھوالے اُنہیں بھی دھر لیتے؟ اور مقدمہ بھی درج کر لیا جاتا۔ دوسری طرف پروگرام کے اینکر پرسن قیصر خان اس دھونس اور تشدد کے باوجود پر عزم ہیں کہ عوام کو منافع خوروں کا اصل چہرہ دکھاتے رہیں گے ۔ جناب جنگل کے مکین جانور ہوتے ہیں وہاں کے بھی کچھ اصول و ضوابط ہوتے ہیں ۔ یہ تو مہذب عوام کا ملک ہے ۔ اندھیر نگری کی ٹیم نے کوئی جرم نہیں کیا ۔ ایک اعلیٰ افسر سے باقاعدہ اجازت کے بعد یہ قدم اُٹھایا تو ضلع کی باقی انتظامیہ کو آخر غصہ کس بات کا ہے ؟