Sunday, May 5, 2024

پروٹوکول ختم کرنے پر چیف جسٹس نےآئی جی خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا

پروٹوکول ختم کرنے پر چیف جسٹس نےآئی جی خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا
April 20, 2018
پشاور (92 نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے آج دوسرے روز بھی سپریم کورٹ رجسٹری پشاور میں عدالت لگائی اور مختلف کیسز کی سماعت کی ۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے غیر مجاز پروٹوکول واپس بلانے پر آئی جی خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا اور تعریف بھی کی ۔ چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے سپریم کورٹ رجسٹری میں ایک کیس کی سماعت کے دوران آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کی صوبہ بھر میں اہم شخصیات سے پولیس پروٹوکول میں دیے گئے 1769 اہلکار واپس لینے پر شاباش دی اور کہا کہ اگر کوئی عدالت سلوٹ کر سکتی تو میں آپ کو کرتا۔ ادھر ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ نے جب چیف جسٹس کو بتایا کہ صوبے میں اب بھی 15 ہزار عطائی ڈاکڑز موجود ہیں تو چیف جسٹس نے ان کے خلاف کارروائی کرنے اور ایک ہفتے میں رزلٹ دینے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ یہ کیسا صوبہ ہے جہاں چیف سیکرٹری اپنے ماتحت ہیلتھ کیئر کمیشن کے سربراہ سے کم تنخواہ لے رہا ہے۔ دوسری طرف سپریم کورٹ رجسٹری میں 48 سال سے حق مہر نہ ملنے پر چیف جسٹس نے ایس ایم بی آر کو اس کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ 48 سال بعد حق مہر ملنے کے حکم پر خاتون رو پڑی ۔