Monday, May 13, 2024

پروفیشنل فوٹوگرافی اورویڈیوشوٹنگ کی آڑ میں مسجد وزیر خان کا تقدس پامال

پروفیشنل فوٹوگرافی اورویڈیوشوٹنگ کی آڑ میں مسجد وزیر خان کا تقدس پامال
August 7, 2020
لاہور (92 نیوز) مسجد وزیرخان میں فلم کی شوٹنگ کے دوران اجازت نامے کی دھجیاں بکھیر دیں، مسجد کے تقدس کا خیال رکھا گیا نہ ہی کسی نے میوزک بجانے اور رقص سے روکا۔ علماء و مشائخ نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کی اپیل کردی، 92 نیوز کی نشاندہی پر سیکرٹری اوقاف نے معاملے پر کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ پروفیشنل فوٹوگرافی اور ویڈیو شوٹنگ کی آڑ میں مسجد وزیرخان کا تقدس پامال کردیا گیا۔ نجی پروڈکشن ہاؤس نے فلم کی شوٹنگ کے دوران اجازت نامے کی دھجیاں بکھیر دیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر تبلیغ و تربیت اور ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی امور نے فلم کی عکس بندی کی مشروط اجازت دی۔ اجازت نامے میں واضح کیا گیا کہ شوٹنگ کے دوران مسجد کے تقدس کو پیش نظر رکھا جائے، ہر اس عمل سے اجتناب کیا جائے جس سے مسجد کی حرمت پر حرف آئے، یہی نہیں کسی بھی قسم کے میوزیک کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ اس کے برعکس شوٹنگ کے دوران نہ صرف گانا بجانا بھی ہوا بلکہ رقص کا سین عکس بند کیا گیا، منیجر سرکل فور اور عملہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے۔ صدر پنجتن پاک مشائخ کونسل پیر سید شاہ حسین شاہ نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا اپیل کردی۔ نائنٹی ٹو نیوز کی نشاندہی پر سیکرٹری اوقاف نے کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔