Saturday, April 27, 2024

پروفیسر نے پروفیسری دکھاتے لنکا ڈھا دی

پروفیسر نے پروفیسری دکھاتے لنکا ڈھا دی
July 11, 2015
دمبولا(92نیوز)پروفیسر نے سری لنکا کے خلاف خوب پروفیسری دکھائی، شاندار سنچری بھی بنائی اور چار لنکن بلے بازوں کو پویلین کی راہ بھی دکھائی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کے خلاف  ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو محمد حفیظ نے اسپین باولنگ کا خوب جادو جگایا۔ کوشل پریرا چھبیس کے انفرادی اسکور پرپروفیسر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ تلکرتنے دلشان کو اڑتیس  رنز پر بولڈ کیا  اوربیس رنز بنانے والے  تھرنگا  حفیظ ہی کی گیند پر سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپ آوٹ ہوئے۔ حفیظ نے چوتھی وکٹ تھیسارا پریرا کی لی  جو صرف ایک کے انفرادی اسکور پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔ باولنگ میں جادو جگانے کے بعد بیٹنگ میں بھی حفیظ کا راج رہا۔ پروفیسر نے  چار چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری  اسکور کی۔ پچانوے گیندوں پر سنچری بنا کر مین آف دی میچ کا اعزاز پانے والے حفیظ ،گنگولی کے بعد ایک ہی میچ میں سنچری اور چار وکٹیں لینے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ گنگولی نے یہ اعزاز انیس سو ننانوے میں  سری لنکا کے خلاف ہی بنایا تھا۔