Monday, September 16, 2024

پروازیں معطل ہونے سے پھل و سبزی کے ایکسپورٹر پریشان‘ لاکھوں کا نقصان

پروازیں معطل ہونے سے پھل و سبزی کے ایکسپورٹر پریشان‘ لاکھوں کا نقصان
February 3, 2016
کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری کے خلاف ملازمین کے احتجاج کی وجہ سے پروازوں کا شیڈول متاثر اور آپریشن کی معطلی سے پھل اور سبزیوں کی برآمدات پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سے یومیہ بنیادوں پر سبزیاں اور پھل فضائی راستے سے یورپ‘ برطانیہ اور خلیجی ملکوں کو برآمد کیے جاتے ہیں مگر پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے یہ منافع بخش کام ٹھپ ہو کر گیا ہے۔ آل پاکستان پھل وسبزی امپورٹرز ایکسپورٹرز و مرچنٹس ایسوسی ایشن کے رکن اسلم پکھالی کا کہنا ہے کہ فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے ملکی بر آمدات خطرے میں پڑ گئی ہیں جن سے یومیہ بنیادوں پر ایکسپورٹ میں 30سے 40لاکھ روپے تک کا نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی پھل اور سبزیوں کے زیادہ تر خریدار بڑے ڈپارٹمنٹل سٹورز اور سپر مارکیٹ کی چینز ہیں جن کے آرڈرز کی بروقت ترسیل نہ کی جائے تو آرڈرز تجارتی حریف ملکوں بالخصوص بھارت کے ہاتھ لگ جاتے ہیں۔ پھل اور سبزیاں خراب ہونے سے بچانے کیلئے جلدازجلد کارگو کرنا ضروری ہے۔ ایئرپورٹ پر چند گھنٹوں کی تاخیر سے بھی درجہ حرارت گرنے سے مال کا معیار متاثر ہوتا ہے۔ ہڑتال کی وجہ سے 20 ٹن سے زائد کنسائمنٹس برآمد نہ ہوسکے جس کی وجہ سے تاجروں کو لاکھوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔