Tuesday, April 16, 2024

پرو لیگ ، ہاکی فیڈریشن نے 12 کروڑ گرانٹ کی درخواست کر دی

پرو لیگ ، ہاکی فیڈریشن نے 12 کروڑ گرانٹ کی درخواست کر دی
January 16, 2019
 لاہور (92 نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے پرو لیگ میں قومی ہاکی ٹیم کی شرکت کے لیے حکومت سے 12 کروڑ روپے کی گرانٹ کی درخواست کردی۔ ایسوسی ایٹس سیکرٹری پی ایچ ایف ایاز محمود نے کوچ دانش کلیم کے ہمراہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر 20 جنوری تک فنڈز جاری نہ کیے گئے تو نئے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دو روز قبل ایک حکومتی عہدیداران نے کہا کہ ہمیں 27 کروڑ دیے جبکہ اصل صورتحال یہ ہے کہ ساڑھے تین سال میں ہمیں وفاقی حکومت کی طرف سے 32 کروڑ کی گرانٹ ملی، وزیر اعلیٰ سندھ سے 22 کروڑ کی گرانٹ آئی اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے 20 لاکھ دیے ۔ ہمارے پاس ان فنڈز کے استعمال کی تمام تر تفصیلات موجود ہیں جس کا کسی بھی سطح پر آڈٹ کروایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کیلئے ہماری ٹیم نے جانا ہے ۔ ارجنٹینا جانے کیلئے اڑھائی کروڑ درکار ہیں۔ اس کے بعد لیگ کے لئے ہم نے آسٹریلیا جانا ہے اور 18 میچز کھیلنے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت سے درخواست ہے کہ ہمیں فوری طور پر فنڈز فراہم کریں۔ پرو ہاکی لیگ میں شرکت نہیں کرتے تو دو سال معطلی اور جرمانہ ہو گا۔ ہمارے پاس فنڈز نہ ہونے پر سپورٹس بورڈ پنجاب سے کیمپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے رہائش مانگی۔