Thursday, May 2, 2024

پردے کے پیچھے کارروائیاں نہ رکیں تو ثبوت سامنے رکھ دیں گے ،نوازشریف

پردے کے پیچھے کارروائیاں نہ رکیں تو ثبوت سامنے رکھ دیں گے ،نوازشریف
January 3, 2018

اسلام آباد( 92 نیوز ) سابق نا اہل وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ خوفزدہ لوگ حقیقت بدلنےاورمرضی کا رخ دینے کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں ۔  لاڈلوں کو تھپکی دے کر مسلط کرنے کی کوشش نہ کی جائے ۔ پردے کے پیچھے کارروائیاں نہ رکیں تو سارے ثبوت اور شواہد قوم کے سامنے رکھ دیں گے

سابق وزیراعظم نوازشریف نے پریس کا نفرنس میں دل کا غباراتاردیااور کہا کہ ہیں عوام نے جنھیں باربار مسترد کیا انھیں تھپکی دیکر قوم پر مسلط کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔ پردے کے پیچھے کارروائیاں نہ رکیں تو سارے ثبوت اور شواہد قوم کے سامنے رکھ دینگے ۔ حکمران جماعت کے سربراہ نے صدرٹرمپ کے ٹویٹ کو غیرسنجیدہ اور افسوسناک بھی قراردیدیا۔

نوازشریف نے کہا کہ امریکہ کولیشن سپورٹ فنڈ کو امداد یا خیرات کا نام نہ دے ۔ یہ کسی ڈکٹیٹر کی حکومت نہیں کہ ایک فون کال پر ڈھیر ہوجائے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ وہ تین بار ملک کے وزیراعظم رہ چکے ہیں  بہت سے حقائق جانتے ہیں۔ اپنے گھرکی خبر لینے کا مشورے دیا تو نہ صرف نظرانداز کیا گیا بلکہ اسے ڈان لیکس اورکبھی کوئی اورنام دیا گیا۔ان کی حب الوطنی پر سوالات اٹھائے گئے۔

سابق وزیراعظم کا کہناتھا کہ خفیہ رابطوں اور غیر قانونی فیصلوں کے ذریعے کسی کے ہاتھ پاؤں نہ باندھے جائیں اور کسی لاڈلے کے لیے ہر روز نئی ڈھیل اور ڈیل کا انتظام نہ کیا جائے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوامی رائے سے کھیلنے کے نتائج ہم بھگت چکے ہیں ۔  اب جمہوریت کو سچی اور کھری جمہوریت رہنے دیا جائے ۔

ان کا کہناتھا کہ غلام جمہوریت آمریت ہی کی شکل ہوتی ہے جو کبھی بھی ملکی سلامتی اور تحفظ کا دفاع نہیں کرسکتی۔