Sunday, September 8, 2024

پرتگال یورپی فٹ بال کا نیا چیمپئن‘ فیورٹ فرانس پٹ گیا

پرتگال یورپی فٹ بال کا نیا چیمپئن‘ فیورٹ فرانس پٹ گیا
July 11, 2016
پیرس (ویب ڈیسک) پرتگال یورو کپ فٹ بال کا چیمپئن بن گیا۔ یورو کپ کے فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد میزبان فرانس کو ایک گول سے شکست دی۔ پہلی بار کوئی بڑا ٹائٹل جیتنے پر پرتگال میں خوب جشن منایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق یوروکپ کا فائنل فرانس کے شہر ڈینس میں کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے میچ کے آغاز سے ہی گول کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔ میچ کے پہلے ہاف میں ہی پرتگال کو اس وقت بہت بڑا دھچکا لگا جب فرانس کے ایک کھلاڑی کے فاول کے نتیجے میں پرتگالی کپتان کرسٹیانو رونالڈو زخمی ہو گئے اور میدان سے باہرچلے گئے۔ پرتگال نے سارا میچ رونالڈو جیسے اہم کھلاڑی کے بغیر زخمی شیر کی طرح کھیلا اور فرانس کو میچ کے آخر تک بھرپور دباو¿ میں رکھا۔ میچ کے مقررہ وقت میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے اضافی تیس منٹ دیے گئے۔ اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں اور کھیل کے ایک سو نوویں منٹ میں پرتگال کے متبادل کھلاڑی ایڈر نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔ خیال رہے کہ فرانس کو یوروکپ کے فائنل کیلئے فیورٹ قراردیا جارہا تھا۔ یورو کپ کے تمام میچوں میں فرانس نے عمدہ کھیل پیش کیا مگر فائنل میں ہمت ہار بیٹھا۔ پرتگال کے ہاتھوں شکست کے بعد فرانس کے شائقین کی امیدوں پر پانی پھر گیا اور پیرس کے ایفل ٹاور کے سامنے پرجوش فرانسیسی شہریوں کو سانپ سونگھ گیا اور ہرچہرے پر غم اور دکھ نمایاں تھا۔