Monday, May 6, 2024

پراپرٹی کے کاروبار کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا : وزیرخزانہ پنجاب

پراپرٹی کے کاروبار کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا : وزیرخزانہ پنجاب
April 25, 2016
لاہور (92نیوز) وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ سیاستدان سیاست کریں مگر ایسا کام نہ کریں جس سے ملک کی معیشت متاثر ہو۔ حکومت ٹیکس نظام میں اصلاحات لائے گی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور چیمبر آف کامرس میں برطانیہ کے بزنس سنٹر کے قیام کے لیے معاہدے کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ ٹیکس نہ دینے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور جو ٹیکس دیتے ہیں ان پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس چوری روکنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ آئندہ مالی سال میں پراپرٹی کے کاروبار کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی سفیر فلپ بارٹن کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مواقع بڑھیں گے۔ تجارت کے حوالے سے پنجاب اہمیت رکھتا ہے اسی لیے یہ معاہدہ کیا گیا ہے۔