Thursday, April 18, 2024

پراجیکٹ مکمل کرنے کے لیے آج ہی ٹائم فریم بنا کر بتائیں، چیف جسٹس

پراجیکٹ مکمل کرنے کے لیے آج ہی ٹائم فریم بنا کر بتائیں، چیف جسٹس
August 24, 2018
لاہور (92 نیوز) سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین مقررہ مدت میں ختم نہ ہونے پر ذمہ داروں سے منصوبے کی تکمیل کا ٹائم فریم مانگ لیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں میگا پروجیکٹ اورنج لائن ٹرین کیس کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس نے منصوبہ مقررہ وقت پرمکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ لاہوریوں نے بہت زیادہ مشکلات اٹھا لی ہیں، منصوبہ کب مکمل ہو گا؟ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ نئی حکومت کے نمائندوں سے بات کریں اور سب کو صاف بتا دیں کہ کچھ بھی ہو جائے یہ منصوبہ مکمل ہو گا، کسی کنٹریکٹر کو بھاگنے نہیں دوں گا۔ حبیب کنسٹرکشن کمپنی کے نمائندہ نے جواب دیا کہ ہمارا نوے فیصد سے زائد کام مکمل ہے، باقی کام چینی کمپنی نے کرنا ہے، جس میں تین سے چار ماہ لگ سکتے ہیں۔ ہمیں جو آخری دو چیک دیے گئے وہ باؤنس ہو گئے۔ چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ اسٹیٹ کے  چیک کیسے باؤنس ہو سکتے ہیں، چیف جسٹس نے سیکرٹری فنانس کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ چیف جسٹس نے ذمہ داروں سے منصوبے کی تکمیل کے لئےدورانیہ کے گھنٹے بھی پوچھ لئے۔