Monday, May 6, 2024

پرائیویٹ اسکولوں کی فیسز میں کمی کا حکم ملک کے تمام اسکولز کیلئے ہے ، چیف جسٹس

پرائیویٹ اسکولوں کی فیسز میں کمی کا حکم ملک کے تمام اسکولز کیلئے ہے ، چیف جسٹس
January 4, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) پرائیویٹ اسکولوں کی فیس میں کمی سے متعلق چیف جسٹس نے کہا پرائیویٹ اسکولوں کی فیسز میں کمی کا حکم بائیس نہیں ملک کے تمام اسکولز کیلئے ہے۔ پانچ ہزار سے زائد فیس لینے والے سب اسکولز اسکے پابند ہیں۔ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں بحریہ ٹاؤن کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بعض اوقات سرکاری ادارے زیادہ ایفی شینسی دکھاتے ہیں۔ اسکول فیس کے معاملے پر  بھی اکاؤنٹ منجمد کر دیے گئے ۔ اسکولز کے متعلق فیصلہ بائیس نہیں تمام اسکولز کیلئے ہے۔ عدالت نے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم نہیں دیا تھا۔ بحریہ ٹاؤن کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا بحریہ کے تمام اکاؤنٹس درست ہیں جعلی نہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا ملک ریاض کا میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔ چیف  جسٹس نے ریمارکس دیے کہ چھ ماہ میں بحریہ کا نام تبدیل کرنے کا کہا گیا تھا۔ چھ ماہ کا وقت گزر گیا مگر نام تبدیل نہ ہوا۔ سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن اور ملیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے منجمد اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا۔ پانچ ہزار سے زائد فیس واپسی کے عدالتی حکم نامے پر ملک بھر میں ایف آئی اے متحرک  ہوئی۔ پنجاب ، سندھ اور خیبرپختونخوا میں بڑے نجی اسکولوں پر چھاپے مار کر ریکارڈ قبضے میں لیا جانے لگا۔ وزیر تعلیم سندھ بھی عدالتی حکم پر عملدرآمد کو تیار ہیں۔ سردار شاہ کا کہنا ہے کہ اسکول جتنا بھی با اثر کیوں نہ ہو، قانون سے بالاتر نہیں، کارروائی ضرور ہو گی۔ ادھر عدالتی فیصلے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے والدین بھی خوشی سے سرشار ہیں۔ کہتے ہیں عملدرآمد کیا جائے تو فیصلہ سے عوام بھرپور مستفید ہوں گے۔