Friday, April 26, 2024

پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کی اسکول ازخود کھولنے کی دھمکی

پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کی اسکول ازخود کھولنے کی دھمکی
July 21, 2020

لاہور ( 92 نیوز) کورونا وائرس کے باعث  وفاقی حکومت کے مطابق  تعلیمی ادارے پندرہ ستمبر تک بند رہیں گے لیکن پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی ۔ صدر کاشف مرزا نے پندرہ اگست کو ازخود اسکولز کھولنے کی دھمکی دے دی،جس پر طلبا اور والدین نے مِلے جُلےردعمل کا اظہار کیاہے۔

پنجاب میں اسکولز کب کھلیں گے،والدین تذبذب کا شکار ہو گئے ، حکومت کی جانب سے پندرہ ستمبر تک چھٹیوں میں توسیع کا اعلان کیا گیا، لیکن پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن  کی ہٹ دھرمی برقرار ہے ، صدر پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا کی زیر صدارت اجلاس میں تمام نجی اسکولز پندرہ اگست کو کھولنے کا فیصلہ ہوا ۔

لاہور کے اکثر شہریوں نے پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کا فیصلہ مسترد کر دیا، کہتے ہیں کورونا وباء تاحال ختم نہیں ہوئی،ان حالات میں بچوں کو اسکول بھیجنا خطرے کا باعث بن سکتا ہے، چند شہری اس فیصلے کی حمایت میں نظر آئے۔

دوسری جانب بچے بھی کہتے ہیں مؤذی وباء کے باعث اسکول جانے سے ڈر لگتا ہے۔ وفاقی حکومت نے حالات کے پیش نظر پندرہ ستمبر تک اسکولوں میں چھٹیوں کا اعلان کر رکھا ہے۔

وزیر تعلیم کے مطابق اگر حالات خراب ہوئے تو چھٹیاں مزید بھی بڑھ سکتی ہیں۔