Monday, May 13, 2024

پتہ نہیں آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی بات کہاں سے آئی ، وزیراعظم

پتہ نہیں آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی بات کہاں  سے آئی ، وزیراعظم
July 23, 2021

تراڑ کھل (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے پتہ نہیں آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی بات کہاں سے آئی۔

پی ٹی آئی نے تراڑ کھل میں جلسہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی جلسے سے خطاب میں کہا اپوزیشن کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ میں آزاد کشمیر کو صوبہ بنانا چاہتا ہوں۔ یہ بات کہاں سے آئی، ابھی تک اس کا علم نہیں۔ انہوں نے کہا واضح کر دینا چاہتا ہوں 1948ء میں اقوام متحدہ کی قراردادیں تھیں۔ قراردادوں کے مطابق عالمی دنیا نے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق دیا تھا۔ قرارداد کے مطابق کشمیریوں نے فیصلہ کرنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ جائیں گے یا ہندوستان کے ساتھ۔ واضح کردینا چاہتا ہوں ان شاء اللہ ایک دن آئے گا کشمیریوں نے جتنی قربانیاں دیں ضائع نہیں ہوں گی۔ اللہ نے آپ کو وہ حق دینا ہے، ان شاء اللہ ریفرنڈم ہو گا اور آپ خود فیصلہ کریں گے کہ ہندوستان نہیں پاکستان کے ساتھ جانا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کشمیریوں نے اپنی آزادی کی جدوجہد سو سال سے بھی پہلے شروع کی تھی۔ کشمیر کے لوگ بار بار اپنی آزادی کے لیے کھڑے ہوئے۔ جس قوم نے اپنی آزادی کے لیے اتنی قربانیاں دی ہوں انہیں یہ حق ملنا چاہئے کہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ ان شاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا کہ آپ اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں گے۔

وزیراعظم کا اپنے خطاب میں کہنا تھا ہم اپوزیشن کوایک سال سے کہہ رہے ہیں کہ آئیں انتخابی اصلاحات کریں لیکن وہ نہیں آتے۔ ہم نے اپوزیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تجویز دی۔ اس نظام کے تحت الیکشن کے ختم ہونے پر بٹن دباتے ہی رزلٹ آجاتا ہے۔ اپوزیشن ایک سال سے ہماری بات نہیں سن رہی۔ جب الیکشن ہو گا تو یہ کہیں گے کہ دھاندلی ہو گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا میری سب سے پہلے کوشش ہو گی کہ آزاد کشمیر میں غربت کم کروں۔ احساس کا پروگرام ملکی تاریخ میں غربت کم کرنے کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔ دسمبر تک ملک کے 40 فیصد کمزور طبقے کو کھانے پینے کی اشیاء میں سبسڈائز کریں گے۔ ڈیٹابیس بنالی ہے، دسمبر تک سافٹ ویئر بھی بن جائے گا۔ ایک عام آدمی اپنا شناختی کارڈ دکان پر لے کر جائے گا اور سستی اشیاء لے سکے گا۔