Thursday, April 18, 2024

پت جھڑکا موسم شروع ہوا تو ہرشجر پراداسی چھانے لگی

پت جھڑکا موسم شروع ہوا تو ہرشجر پراداسی چھانے لگی
November 11, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) موسم سرما میں جب درخت پیرہن بدلنا شروع کرتے ہیں تو اِسے خزاں کی آمد کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ بہاروں میں سرسبز رہنے والے پتے اپنا رنگ بدل کر ہمیں اس موسم کا سندیسہ دیتے ہیں جو جدا ہونے کا ہے۔ پت جھڑ کا موسم شروع ہوا تو ہر شجر پر اداسی چھانے لگی۔ فضا خاموش ہوئی تو پرندے بھی ویران درختوں کو چھوڑ کر ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے۔ نیلے آسماں تلے ہوا کے تیز جھونکوں سے زمیں بوس ہوتے زرد پتے بھی خزاں کے موسم کی آمد کا پتہ بتا رہے ہیں۔ سرد شاموں میں ٹہنیوں سے بچھڑ جانے والے سوکھے پتوں پر جب قدم پڑتا ہے تو یہ گہری خاموشی کے سکوت کو توڑتے چلے جاتے ہیں۔ لکھنے والے اس منظر کو دل کے ٹوٹنے، خوابوں کے بکھرنے اور ویرانی سے تعبیر کرتے ہیں۔ محبت کا یہ رشتہ جو ایک شاخ کا اپنے پتوں سے ہوتا ہے بکھرنے پر اداس ہی تو کرتا ہے۔ خزاں کا یہ موسم اس سرد رت کی رنگینیوں کو ذوفشاں کر رہا ہے۔ یہ لمحہ زندگی اس قدر خوبصورت اور اس قدر شاندار لگنے لگتی ہے کہ جی چاہتا ہے کہ یہ وقت یہ لمحہ بس یہیں تھم جائے۔