Monday, May 6, 2024

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے 1813 کلو میٹر سڑکیں بنانے کا اعلان

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے 1813 کلو میٹر سڑکیں بنانے کا اعلان
June 14, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت1813 کلومیٹر سڑکیں بنانے کا اعلان کردیا، کہا کہ  بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا کے علاقے سی پیک کا حصہ بن رہے ہیں م پشاور سے ڈی جی خان موٹروے بنائیں گے ،پورا پنجاب موٹروے سے منسلک ہو جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ سی پیک تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے،مغربی روٹ کے تحت ڈی آئی خان اور ژوب سڑک کی منظوری دی گئی۔ قومی خزانے پر بوجھ بنے بغیر 1813 کلومیٹر سڑکیں بنائیں گے۔

وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ  ہم نے  مشکل وقت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف پیکیج دیا، وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں 5کروڑ روپے کمی کی گئی، حکومت نے ساڑھے20ماہ میں ایک ارب 68لاکھ روپے بچت کی، احتساب کے عمل میں 11 ارب 90کروڑ روپے ریکور کیے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ قوم دیکھے گی کہ فی کلومیٹر سڑکوں پر ہم نے کتنا خرچ کیا اور سابقہ حکومت نے کتنا خرچہ کیا تھا، ہماری اور ن لیگ کی  کارکردگی میں دور دور تک بھی کوئی مقابلہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ، جنوبی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں منصوبوں کو ترجیح دی گئی۔ حویلیاں، تھاکوٹ، ملتان اور سکھر روٹ پر ترجیحی بنیادوں پر کام مکمل کیا۔ اب پشاور سے ڈی آئی خان تک موٹروے بھی بنایا جائے گا۔