Thursday, April 25, 2024

پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے پر شہریوں کا گڈز ٹرانسپورٹ پر سفر

پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے پر شہریوں کا گڈز ٹرانسپورٹ پر سفر
March 30, 2020
لاہور (92 نیوز) لاک ڈاؤن کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے پر شہریوں نے گڈز ٹرانسپورٹ کو ہی پبلک ٹرانسپورٹ بنا لیا جس کی و جہ سے مزید کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، شہریوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ بحال کی جائے۔ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے پر شہریوں نے نئے جگاڑ لگا لیے ہیں، شہریوں نے گڈز ٹرانسپورٹ کو ہی پبلک ٹرانسپورٹ بنا لیا۔ ٹریلر، ٹرک، ڈالے اور دیگر  لوڈر گاڑیاں مسافر بٹھانے لگیں۔ ایسے افراد جو ذاتی سواری نہیں رکھتے یا وہ لوگ جو دوسرے شہروں میں پھنسے ہوئے ہیں وہ اپنے گھروں تک جانے کیلئے گڈز ٹرانسپورٹ کا سہارا لے رہے ہیں۔ شہری یہ کہتے ہیں کہ ان کے پاس ذاتی سواری نہیں، وہ کام پر کیسے جائیں۔انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ ان کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پبلک ٹرانسپورٹ بحال کی جائے تاکہ وہ اپنے کاموں اور اپنے اپنے گھروں کو جاسکیں۔