Friday, May 17, 2024

پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپوٹرز کی پہیہ جام ہڑتال  

پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپوٹرز کی پہیہ جام ہڑتال  
January 2, 2020
لاہور ( 92 نیوز ) موٹروے اور ہائی ویز پر بھاری جرمانے، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز کا ایکا، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج بن گئے، پبلک ٹرانسپورٹ اینڈ گڈز الائنس نے پہیہ جام کردیا۔ لاہور،فیصل آباد، ملتان، پشاور سمیت دیگر شہروں میں ہڑتال اور دھرنے جاری ہیں ۔ سبزی، دودھ سمیت ہر قسم کی سپلائی بند ہوگئی، لاہور میں منی مزدا ایسوسی ایشن نے ریلیاں نکالیں ،مظاہرین نے بھاری جرمانے اور اضافی ٹول ٹیکس کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ ٹرانسپورٹرز نے اندرون ملک تمام بسیں بھی بند کر دیں، ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، دوسرے شہروں سے آنے اور جانے والے شہری ٹرانسپورٹ کی تلاش میں بس اڈوں پر مارے مارے پھر رہے ہیں۔ ادھر لاہور پولیس اور ٹرانسپورٹرز کے مذاکرات ناکام  ہونے کے بعد  انتظامیہ کی جانب سے ہڑتالی ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ، پولیس نے کنٹینر لگا کر بابو صابو روڈ بلاک کردیا جبکہ متعدد گاڑیاں تھانوں میں بند کردی گئیں۔ گزشتہ روز لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹرز  ایسوسی ایشن کے عہدے داروں  ہر قسم کی پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹ بند کرنے کا عندیہ دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سات سو جرمانے کا دس ہزارکرنا ناانصافی ہے ،ٹرانسپورٹر کا مزید کہناتھا کہ آج لاہور میں سبزیوں اور دودھ کی سپلائی بندرہے گی۔ ادھر پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن نے جرمانوں کے خلاف آج لاہور  میں ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے ، ترجمان تنویر جٹ کا کہنا ہے کہ  شاہدرہ، کوٹ عبدالمالک ، اردو بازار ، راوی روڈ ، بند روڈ زونز سے ریلیاں نکالی جائیں گی۔ ایک ہزار مزدا کی ریلی بابو صابو سے شروع ہو کر پنجاب اسمبلی جائے گی۔ گڈز اینڈ پبلک ٹرانسپورٹ کے عہدیداران نےلاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرنے کے علاوہ بڑے احتجاجی مظاہرے کابھی اعلان کیا ۔