Thursday, April 25, 2024

پاکپتن میں ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے رضاکار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

پاکپتن میں ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے رضاکار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
September 22, 2018
پاکپتن (92 نیوز) پاکپتن میں بابا فرید گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ کے عرس پر ایلیٹ فورس کے اہلکار آپے سے باہر ہو گئے اور رضاکار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ پاکپتن میں عرس بابا فرید گنج شکرؒ پر رضا کار محمد طارق  سے ایلیٹ فورس کے اہلکار عبدلحمید نے اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ آکر لنگر مانگا۔ رضا کار نے التجا کی کہ وہ مصروف ہے کچھ دیر بعد کھانا ملے گا۔ اس پر ایلیٹ فورس کے اہلکار غصے میں ہوش کھو بیٹھے اور رضا کار محمد طارق پر تشدد شروع کر دیا۔ نائنٹی ٹو نیوز نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایلیٹ فورس کے اہلکار کیسے رضاکار کو معمولی سی بات پر درندوں کی طرح تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ تشدد کا شکار رضاکار کو زخمی حالت میں اسپتال داخل کرا دیا گیا۔ متاثرہ رضاکار طارق کے والد نے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بنانے پر ایلیٹ اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے درخواست دی، لیکن پولیس نے پیٹی بھائیوں کے خلاف کارروائی سے انکار کر دیا۔ 92 نیوز نے ڈی پی او پاکپتن ماریہ محمود سے رابطہ کیا تو ان کے آپریٹر نے میٹنگ کا کہہ کر فون بند کر دیا۔ اس کے بعد 92 نیوز نے آر پی او ساہیوال شارق کمال سے بات کی تو ان کے آپریٹر نے کہا کہ معاملہ ڈی پی او کو بھجوا دیا ہے وہی اس پر بات کریں گی۔  تاہم ابھی تک پولیس نے مقدمہ درج کیا نہ ہی اہلکاروں کیخلاف کوئی کارروائی کی ہے۔