Thursday, March 28, 2024

پاکپتن اوقاف اراضی کیس میں نوازشریف چار دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب

پاکپتن اوقاف اراضی کیس میں نوازشریف چار دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب
November 13, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے پاکپتن اوقاف اراضی کیس میں نوازشریف کا جواب مسترد کرتے ہوئے انہیں چار دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ سپریم کورٹ میں پاکپتن میں محکمہ اوقاف کی زمین پر دکانیں تعمیر کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ نوازشریف کے وکیل بیرسٹر منور نے نوازشریف کی طرف سے جواب جمع کرایا، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ چیف جسٹس نے نوازشریف کے وکیل بیرسٹر منور سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو معلوم ہے جواب میں کیا مؤقف اختیار کر رہے ہیں؟۔ آپ نے لکھا ہے کہ نوازشریف نے ایسا کوئی آرڈر پاس نہیں کیا، انہیں علم ہی نہیں ہے جس پر وکیل بیرسٹر منور نے کہا کہ وہ اس کیس کے سلسلہ میں ایک مرتبہ نوازشریف سے مل چکے ہیں، اور ان کی ہدایت پر ہی جواب جمع کرایا گیا ہے۔ وکیل نے کہا کہ وہ عدالت کی معاونت کرنا چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ نوازشریف کو بلا لیتے ہیں، وہ خود آ کر بتائیں گے۔  عدالت نے نوازشریف کو چار دسمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔