Wednesday, April 24, 2024

پاکپتن اراضی کیس،جے آئی ٹی نے نواز شریف کو زمین کی الاٹمنٹ کا ذمہ دار قرار دیدیا

پاکپتن اراضی کیس،جے آئی ٹی نے نواز شریف کو زمین کی الاٹمنٹ کا ذمہ دار قرار دیدیا
January 15, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکپتن اراضی دربار غیرقانونی الاٹمنٹ کیس  میں  مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں نواز شریف کو اراضی کی الاٹمنٹ کا ذمہ دار قرار دے دیا ، سپریم کورٹ نے نواز شریف سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ سربراہ جےآئی ٹی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نوازشریف کے سیکرٹری نے تسلیم کیا کہ وزیراعلیٰ نے اراضی الاٹ کرنے کے احکامات دیے تھے،وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے زمین الاٹمنٹ کے معاملہ کی تردید کی ہے ،جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس  دیئے کہ اب انکوائری رپورٹ آچکی ہے۔ جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق سجادہ نشین قطب الدین نے اس وقت کے وزیراعلیٰ نواز شریف کو زمین کی الاٹمنٹ کیلئے درخواست دی،نواز شریف  سے اوقاف کی زمین کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا حکم حاصل کیا،محکمہ اوقاف کے اعتراضات کو سیکرٹری اوقاف نےحذف کردیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سجادہ نشین قطب الدین نے الاٹمنٹ کے بعد اراضی فروخت کردی،دیوان قطب الدین کے انتقال کے بعد ورثا نے 12  ہزار 91  کنال زمین کو غیر قانونی طور پر فروخت کیا۔ جے آئی ٹی سربراہ کے مطابق محکمہ مال کے پٹواری،تحصیلداراور متعلقہ افسران غیرقانونی اقدام کے ذمہ دار ہیں، جے آئی ٹی نے اوقاف کی زمین واپس لینے کی بھی سفارش کردی۔ دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ نواز شریف  1986 میں وزیر اعلیٰ پنجاب تھے ، وزیر اعلیٰ نے کس اختیار کےتحت زمین الاٹ کی۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے  ریمارکس دیے کہ ٹرائل کورٹ میں جرح ہوئی تو نواز شریف کےلئے بہت مشکل ہو گی ۔ پاکپتن اراضی کیس میں عدالتی حکم پر تشکیل دی گئی جے آئی ٹی نے گزشتہ ہفتے  تحقیقات کے لئے ٹی او آرز سپریم کورٹ میں جمع کرائے تھے ،ٹی او آرز کے مطابق دربان قطب الدین نے اگست 1986 میں وزیر اعلیٰ کو اوقاف کی زمین الاٹ کرنے کی درکواست دی تھی ، محکمہ اوقاف نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر عمل کر کے دسمبر 1969 کا نوٹیفکیشن واپس لیا ۔ دربان قطب الدین نے سابق وزیراعلیٰ نواز شریف کو درخواست دیکر ریلیف لیا جبکہ دربان قطب الدین ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ سے اپنے حق میں فیصلہ لینے میں ناکام رہے۔ کیا وزیراعلیٰ عدالتی فیصلے کے برعکس احکامات دینے کا اختیار رکھتے تھے؟۔ ٹی او آرز کے مطابق محکمہ اوقاف کی جانب سے اراضی سے دستبرداری کے نوٹیفکیشن کا فائدہ اٹھانے والے کون ہیں؟۔  گورنر یا وزیراعلیٰ کے پاس آئین یا قانون کے تحت اوقاف کی زمین الاٹ کرنے کا کیا اختیار ہے ؟۔ ٹی او آڑز کے مطابق اگر سابق وزیر اعلیٰ نے نوٹیفکیشن واپس لینے کے احکامات نہیں دیے تو اس اقدام کے ذمہ دار اور بینیفشری کون ہیں ؟ ۔ کیا ضلعی محکمہ لینڈ نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیا ۔ نواز شریف پر 1985 میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اوقاف کی زمین واپسی کا نوٹی فکیشن واپس لینے کا الزام ہے ۔کیس کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی جے آئی ٹی میں تبدیلی بھی ہوئی تھی ، جے آئی کے سربراہ ڈی جی نیکٹا خالق داد لک نے ذاتی وجوہات کی بنا پر جے آئی ٹی  کی سر براہی سے معذرت کر لی تھی ۔