Friday, April 19, 2024

پاکپتن اراضی کیس ، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی

پاکپتن اراضی کیس ، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی
December 13, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) نوازشریف ایک اور جے آئی ٹی کا سامنا کریں گے، پاکپتن اراضی کیس میں سپریم کورٹ نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ،  ڈائریکٹر جنرل نیکٹا خالد داد لک جے آئی ٹی کی سربراہی کریں گے، آئی ایس اائی اور آئی بی کے نمائندے بھی جے آئی ٹی میں شامل ہوں گے ۔ نواز شریف پر 1985 میں بطور وزیر اعلیٰ پنجاب اوقاف کی زمین واپسی کا نوٹی فکیشن واپس لینے کا الزام ہے ، نوازشریف مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے تحقیقات پر آمادہ ہوگئے  اور اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا ۔ اپنے جواب میں نواز شریف نے کہا عدالت جس کو مناسب سمجھے تحقیقات سونپ دےہمیں کوئی اعتراض نہیں ۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پاکپتن اراضی کیس کی سماعت کی ۔ دوران سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ  میاں صاحب جے آئی ٹی کا رسک لے رہے ہیں ، ٹیم میں ایجنسیوں کے نمائندوں کو بھی شامل کریں گے ۔ عدالت نے ڈائریکٹر جنرل نیکٹا خالد داد لک کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی ، آئی بی اور آئی ایس آئی کے نمائندوں کو بھی شامل کردیا جبکہ  ایک ہفتے میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم سے ٹی او آر طلب کرلیے ۔ عدالت نے جے آئی ٹی ممبران کو 27 دسمبر کو عدالت میں پیش ہونے کا بھی حکم دے دیا۔