Saturday, April 20, 2024

پاکستانیوں کو واپس لانے کی نگرانی وزیراعظم خود کررہے ہیں :اعزاز چودھری

 پاکستانیوں کو واپس لانے کی نگرانی وزیراعظم خود کررہے ہیں :اعزاز چودھری
March 28, 2015
اسلام آباد(92نیوز)سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ یمن میں مشکل حالات میں پھنسے پاکستانی بہن بھائیوں کو واپس لانے کی نگرانی وزیر اعظم میاں نواز شریف خود کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں ہمارے پاکستانی بہن بھائی مشکل حالات میں پھنسے ہوئے ہیں ہمیں ان کی تکالیف کا اندازہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک منظم پلان کے تحت کام کر رہے ہیں ،چھ سو پاکستانیوں کا قافلہ رواں دواں ہےاور ہماری کوشش ہے کہ ان چھ سو پاکستانیوں کا قافلہ بحفاظت الحدیدہ پہنچ جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اگلی کوشش ہے کہ پی آئی اے کی پرواز جلد از جلد اس جگہ پہنچ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب سے بھی رابطے میں ہیں اور محفوظ راستہ تلاش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ  اور بھی پاکستانی جو 200کی تعداد میں ہیں  انھیں بھی واپس لاناہےاوراومان میں اپنے سفیر سے  وہاں کی حکومت سے رابطہ کرنے کو کہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدن میں صورتحال خراب ہے لڑائی کے رکنے کا انتظار کریں گے پھر اگلا راستہ تلاش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کل ریڈ سی سے ایک بحری  جہاز روانہ کررہے ہیں جو دو سوپاکستانیوں کو واپس لانے کا انتظام کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہمیں سختی سے ہدایت کی ہے کہ ہرپاکستانی کو بحفاظت واپس لایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے ہم لیبیا سے ہزاروں پاکستانیوں کو بحفاظت ملک واپس لاچکے ہیں