Tuesday, April 23, 2024

پاکستانی کڑیوں نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

پاکستانی کڑیوں نے بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی
October 28, 2019
لاہور (92 نیوز) پاکستان کے دورے پر آئی بنگلہ دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹی 20 میچ میں بھی پاکستانی کڑیوں نے شکست کا مزہ چکھاتے ہوئے سیریز جیت لی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا ، پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے ۔ اوپنر جویریہ خان نے 44 گیندوں پر 2 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے ۔ ساتھی اوپنر سدرہ امین 16 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئیں ، ٹاپ آرڈر اور کپتان بسمہ معروف نے کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے 50 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں ۔ مڈل آرڈر ارم جاوید 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جب کہ عالیہ ریاض 10 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہیں ۔ پاکستان کے 167 رنز کے جواب میں بنگالی کڑیاں مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 152 رنز  ہی بنا پائیں ۔ بنگلہ دیش کی اوپنر عائشہ رحمان 5 رنز پر انعم امین کی گیندپر کلین بولڈ ہو گئیں ۔ ساتھی اوپنر  اور وکٹ کیپر بلے باز شمیمہ سلطانہ  بھی 11 رنز بنا کر ہمت ہار گئیں ۔ وہ ڈیانا بیگ کی گیند پر عمائمہ سہیل  کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں ۔ ٹاپ آرڈر سنجیدہ اسلام  نے 45 رنز کی مزاحمت کی ، وہ اپنی ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر بھی رہیں ، ان کا شکار سدرہ اقبال نے کیا ۔ رومانا احمد صفر ، نگار سلطانہ21،فرغانہ حق 30 جب کہ کپتان سلمہ  خاتون صفر پر آؤٹ ہوئیں ۔ لتا منڈل 17 اور جہاں آراء عالم 18 رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہیں ۔ پاکستان کی جانب سے سدرہ اقبال نے تین ،ثناء میر  ،انعم امین اور ڈیانا بیگ نے ایک ایک کھلاڑی کو میدان بدر کیا۔ پچاس گیندوں پر 70 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر کپتان بسمہ معروف پلیئر آف دی میچ قرار پائیں ۔